جامعہ ازہر مصر کی اردو طالبات کا جے،این،یومیں پروفیسر خواجہ اکرام نے استقبال کیا
جامعہ ازہر قاہرہ مصر”فیکلٹی ادبیات شعبۂ اردوبرائے خواتین“کی طالبات کا ہندوستانی زبانوں کا مرکز،جواہرلعل نہرویونیورسٹی،نئی دہلی میں آج پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین اور ریسرچ اسکالرس نے استقبال کیا۔جامعہ ازہر مصر کے فیکلٹی ادبیات میں زیر تعلیم تین طالبات کا وفد اردوزبان سیکھنے کی غرض سے ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ان طالبات میں فاطمہ محمد ماہر عبد المعطی،فاطمہ عمر عبداللہ محمود اور میار ناصرعبد الرحمن محمودشامل ہیں۔یہ تینوں طالبات ہندوستان میں ایک مہینے تک قیام پذیر ہوں گی۔اردوزبان سے محبت اور اردو ادب سے دل چسپی ہندوستان آنے کا محرک ہے۔ہندوستان میں یہ طالبات ایک مختصر مدتی پروجیکٹ اور اردو تعلیم کے لیے آئی ہیں ،پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کے تعاون سے یہ اپنے پرو جیکٹ کی تکمیل کریں گی۔یہ تینوں اردو میں بی۔اے سال اخیر کی طالبات ہیں۔ ان لوگوں کے لیے پروفیسرخواجہ محمداکرام نے ایک مہینے کے لیے اردو تعلیم و تدریس کاخاکہ تیا ر کیاہے تاکہ یہ طالبات کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سیکھ سیکھیں
واضح رہے کہ مصر میں جامعہ ازہر میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد ہے ۔یہاں خواتین کے لیے الگ تعلیم کا نظم ہے اسی لیے یہاں کا شعبہ ٔ اردو دو حصوں میں منقسم ہے ۔ اس کے عین شمس یونیورسٹی میں بھی ابتدائی مراحل سے اعلیٰ تعلیم کی سطح تک اردو کی تدریس کا نظم ہے ۔