Home / Socio-political / گلوبل مارچ ٹو یروشلم

گلوبل مارچ ٹو یروشلم

گلوبل مارچ ٹو یروشلم دنیا بھر کے حریت پسندوں کا مارچ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
گلوبل مارچ ٹو یروشلم فلسطین کی آزادی اور بیداری اُمت کا نیا سنگ میل

تحریر :۔محمداحمد ترازی

mahmedtarazi@gmail.com

”ہم وہ صبح دیکھنے جا رہے ہیں کہ جب دنیا کے آزاد انسان فلسطینی پرچم تھامے اردن،مصر،لبنان، تیونس اورطرابلس میں نمودار ہوں گے۔“پہلے گلوبل مارچ ٹو یروشلم کے موقع پر کہا گیا فلسطینی رہنماءاسماعیل حانیہ کا یہ تاریخی جملہ وقت کے بدلتے دھارے کی نشاندہی کررہا ہے،واقعی حالات بدل رہے ہیں،مظلوم فلسطینیوں کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں، اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی ضمیر بیدار ہورہا ہے اورآج دنیا کے کونے کونے سے فلسطینیوں کے حق میں بلند ہوتی ہوئی آوازیں اُن کی تاریخ ساز جدوجہد کا اعتراف کررہی ہیں ۔

فلسطینی ہر سال 30مارچ کو یوم الارض مناتے ہیں،وہ30مارچ 1976ءکوڈھائے جانے والے اُس قیامت خیز واقعہ کی یاد تازہ کرتے ہیں جس میں اسرائیلی فوجی درندوں نے پرامن مظاہرین پر حملہ کرکے سینکڑوں افراد کو زخمی و شہید،ہزاروں کو پابند سلاسل اوربے شمار فلسطینیوں کو اُن کی آبائی سرزمین سے زبردستی بے دخل کر دیا تھا،اُس روح فرسا واقعے کی یاد تازہ کرنے کیلئے فلسطینی چاہے وہ غزہ کے باسی ہوں یا مغربی کنارے کے رہائشی،لبنان کے مہاجر ہوں یا شام میں بسنے والے،ہر سال آزادی کے اِن شہداءکی یاد کو تازہ کرنے اور اسرائیلی ظلم وبربریت سے پردہ اٹھانے کےلئے یروشلم اور القدس کی سرحدوں پر جمع ہوتے ہیں اور اسرائیلی جارح افواج کے مظالم پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں،لیکن گذشتہ سال سے اِس احتجاج میں اب عالمی برادری بھی شامل ہورہی ہے،گلوبل مارچ ٹو یروشلم اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

،گذشتہ سال جب اِس مارچ کا تصور پیش کیا گیا تواِس نظریئے کو دنیا بھر میں اِس قدر پذیرائی حاصل ہوئی کہ آج یہ نظریہ ایک تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے اور دنیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے مختلف اقوام و مذہب کے لوگ اِس کاروان میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں،درحقیقت اِس مارچ کا اصل مقصد بھی یہی ہے کہ دنیا بھر کے باضمیر مسلمانوں،عیسائیوں ،یہودیوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کو مجتمع کرکے عالمی ضمیر کو جگایا جائے اور اُسے یہ باور کرایا جائے کہ کہ نسل پرست صہیونی ریاست کی یروشلم اور اُس کے باسیوں کے خلاف اقدامات اور پالیسیاں فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کے خلاف بھی سنگین جرائم ہیں، اِس لیے دنیا اسرائیل کی جانب سے یروشلم اور دیگر فلسطینی علاقوں پر قبضے اور عالمی قوانین کی پامالی کے خاتمے کی کوششوں میں فلسطینیوں کا ساتھ دے ،دراصل گلوبل مارچ ٹو یروشلم کے منتظمین اِس مارچ کے ذریعےفلسطینی تحریک مزاحمت کو ایک نیا رخ دینا چاہتے ہیں جس میں دنیا بھرکے لاکھوں مظاہرین بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب ایک ایسی فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے نظر آئیں جس کا دارالحکومت یروشلم ہو ۔

چنانچہ اِس مقصد کیلئے ہر سال 30مارچ کو فلسطین میں احتجاجی ریلیاں اور مارچ منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ مسئلہ ارض فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے اور اِس دیرینہ مسئلے کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے، 30مارچ کو ہونے والے گلوبل مارچ ٹو یروشلم کا مقصد بھی یہی ہے کہ فلسطینی بھائیوں کو صہیونی ظلم و ستم سے نجات دلانے کیلئے پرامن احتجاج کیا جائے ،چنانچہ اِس سال پوری دنیا نے اِس مسئلے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے،مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ظالم و غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کا پردہ فاش کرنے کےلئے دنیا بھر میں ریلیاں نکالنے اور مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اِس مقصد کیلئے عالمی مارچ برائے آزادی القدس میں دنیا بھر سے مختلف رنگ و نسل اور زبان ومذہب کے تقریباً 10 لاکھ افراد فلسطین کی آزادی کیلئے 30 مارچ کو مقبوضہ فلسطین کی چار سرحدوں مصر،لبنان،شام اور اردن کی جانب سے بیت المقدس کی جانب پر امن احتجاجی مارچ کریں گے،اِسی روز دنیا بھر میں امریکی و اسرائیلی سفارتخانوں کے سامنے بھی پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

اِس مقصد کیلئے 15 ایشیائی ممالک کاپہلا قافلہ جس میں پاکستان، انڈیا، ایران، بحرین، ملائشیا، انڈونیشیا،بنگلہ دیش،تاجکستان،ازبکستان،ترکی،سعودی عرب،جاپان اور آسٹریلیا کی اہم سیاسی،سماجی اور مذہبی شخصیات شامل ہیں،بھارت سے روانہ ہوکر براستہ پاکستان، ایران، ترکی ،اردن اور لبنان کی جانب روانہ ہوچکا،جبکہ دوسرا قافلہ جس میں مختلف ممالک بشمول امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لوگوں کے نمائندہ وفودشامل ہیں، افریقہ سے اپنے سفر کا آغاز کرچکا ہے،اِسی قسم کے قافلے دیگر چار براعظموں سے یروشلم کی جانب رواں دواں ہیں، اِس مارچ کو امریکہ، برطانیہ، جرمنی، اٹلی کے علاوہ دیگر مغربی ممالک میں بھی خاصی پذیرائی ملی ہے، اطلاعات یہ بھی ہیں کہ یورپی ممالک سے ایک بہت بڑا قافلہ اردن کی جانب روانہ ہونے والا ہے، دوسری طرف برطانیہ کی انسانی حقوق کی تنظیم نے 30 مارچ کو اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے مظاہرے کا اعلان بھی کیا ہے،جبکہ تنظیم آزادی فلسطین کے تحت قافلوں کے شرکاءکا فلسطین پہنچنے پر شاندار خیر مقدم کیا جائے گا ۔

دوسری طرف اسرائیل اِس پرامن قافلے کو روکنے کی کوشش میں مصروف ہے،اُس نے بیت المقدس میں انفرادی حیثیت میں آنے کی ممانعت کرتے ہوئے 50 افراد کے وفد پر پابندی عائد کر رکھی ہے،صیہونی حکومت اِس مارچ سے اِس قدر خوفزدہ ہے کہ اُس نے مارچ کے خلاف باقاعدہ کئی محاذ قائم کردیئے ہیں،جس میں سائبر وار سب سے اہم ہے، اسرائیلیوں نے مارچ ٹو یروشلم کے نام سے کئی ویب سائٹس بنائی ہیں جس کے ذریعے وہ دنیا کی گلوبل مارچ ٹو یروشلم سے بڑھتی ہوئی ہمدردی کو کم اور اِس سے منتفر کرنا چاہتا ہے،لیکن تمام تر اسرائیلی مخالفتوں اور اقدامات کے باوجوداِس وقت پاکستان سے روانہ ہونے والا گلوبل مارچ ٹو یروشلم کا پہلا قافلہ ایران کے شہر قم پہنچ چکا،جہاں سے اُس کی اگلی منزل ترکی، اردن اور لبنان ہوگی،خیال رہے کہ گلوبل مارچ ٹو یروشلم میں شرکت کیلئے سب سے پہلا قافلہ10مارچ کوانڈیاسے روانہ ہوا تھا،جس میں بھارت کے علاوہ انڈونیشیا،ملائیشیا اور فلپائن کے سینکڑوں مندوبین شامل ہیں،یہ قافلہ واہگہ باڈر کے راستے لاہور سے ملتان ،سکھر او ر حیدرآباد ہوتا ہوا کراچی پہنچا تو اِس کا شاندار استقبال کیا گیا،اِس موقع پر پاکستان کی معروف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت فلسطین سفیر ڈاکٹر ہازم ابو شناب بھی انہیں خوش آمدید کہنے والوں میں شامل تھے، کراچی سے اِس قافلے کے میں مختلف سیاسی،سماجی اور مذہبی جماعتوں کے وفود کے ساتھ جمعیت علمائے پاکستان کا بھی ایک آٹھ رکنی وفدعلامہ سید عقیل انجم،قاضی احمدنورانی،حسنات احمد قادری اورطارق مغل کی قیادت میں14مارچ کو مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد ایران روانہ ہو چکا ہے ۔

ایران روانگی سے قبل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان میں فلسطینی سفیر ڈاکٹر ہازم ابو شناب نے ایشیائی ممالک کے مندوبین برائے گلوبل مارچ ٹو یروشلم کے شرکاءسے خصوصی ملاقات کی،اِس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ میرے خاندان کی چار نسلیں فلسطین سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوئی ہیں ، ہم آج تک بے وطن ہیں ، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے اپنے وطن میں رہ پائیں نہ کہ مہاجرین کی زندگی گزاریں،اُن کا کہنا تھا کہ گلوبل مارچ ٹو یروشلم کی کوشش ایک ایسی نوبل تحریک ہے جس کے بعد اُمید ہے کہ فلسطین بہت جلد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قبضے سے آزاد ہو جائے گا،انہوں نے اِس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ فلسطینی کسی صورت اسرائیل جیسی غیر قانونی اور غاصب ریاست کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے،اِس موقع پر انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کےلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔

قارئین محترم !آپ جانتے ہیں کہ فلسطینی سر زمین1948ءسے اسرائیلی قبضہ میں ہے جبکہ بیت المقدس 1967 ءسے اسرائیلی شکنجہ جکڑا ہوا ہے،جبکہ عالمی استعمار امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی میں مصروف ہے ،جب بھی یہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جاتا ہے ،اسرائیلی سرپرست امریکہ ویٹو کر کے دبادیتا ہے،امریکی حمایت نے فلسطینیوں کا خون، زمین، عزت و آبرو اور مستقبل صیہونی بھیڑیوں کےلئے حلال قرار دی ہے،جس کی وجہ سے آئے روز انسانی تذلیل کا تماشہ لبنان، اردن اور فلسطین میں صابرہ، شتیلہ اور غزہ کی صورت میں دہرایا جاتاہے ،اسرائیلی فوج اور انتظامیہ کھلے عام بین الاقوامی قوانین کو پامالی کرتی ہے، مگر کوئی اُسے لگام دینے والا نہیں تھا، کوئی اُس کے ہاتھ روکنے والا نہیں، لہٰذاضرورت اِس امر کی ہے کہ دنیا بھر کے تمام مذہبی،سیاسی،ثقافتی اور انسانی حقوق کے ماننے والے متحد ہو کر مشترکہ جد وجہد کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کےلئے کام کریں اورگلوبل مارچ ٹو یروشلم کے ذریعے پوری دنیا کو بیدارکریں تاکہ بیت المقدس صیہونی غاصبانہ تسلط سے نجات حاصل کرسکے۔

اِس تناظر میں گلوبل مارچ ٹو یروشلم اُمید کی روشن کرن ہے،جس کے ذریعے _پوری دنیا میں بیداری کا عمل شروع ہوچکا ہے ،آج اسماعیل حانیہ کی کہی ہوئی بات سچ ثابت ہورہی ہے،اب امریکہ اور اسرائیل سمیت دنیا کی کوئی ظالم وجابرطاقت زیادہ دیر فلسطینیوں کے آواز کو دبا نہیں سکتی ، آج دنیا بھر کے آزاد حریت پسند فلسطینی پرچم تھامے اُن کے ساتھ ہم آواز ہیں اور وہ دن دور نہیں جب گلوبل مارچ ٹو یروشلم مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے اورفلسطین کی آزادی اور اُمت مسلمہ کی بیداری کا نیا سنگ میل ثابت ہو گا، 30مارچ 2012ءکو فلسطین کی چاروں سرحدوں پر ہونے والا یہ عظیم گلوبل مارچ ٹو یروشلم کسی ایک خطہ کا نہیں بلکہ دنیا بھر کے اُن حریت پسندوںمارچ ہے،جو فلسطینیوں کے 36ویں یوم الارض کے موقع پر دنیا کے سامنے مسئلہ فلسطین کی اہمیت اجاگر کرنے اور ایک غاصب صیہونی ریاست کے انسانیت سوزمظالم کو عریاں کرنے کیلئے گلوبل مارچ کا یہ ترانہ گاتے ہوئے گامزن ہونگے ۔

”قدس ہمیں اپنی آنکھوں میں موجود دلفریب مسکراہٹ سے پکار رہا ہے۔ اُس نے اپنے ہاتھ دنیا بھر کے آزاد انسانوں کی جانب بڑھا دیئے ہیں اور ہمارے قلوب کو اخلاص سے پرُ کر دیا ہے۔ اے قدس! دنیا بھر سے حریت پسند انسان تیری جانب بڑھ رہے ہیں اور تیری آنکھوں کی حسین مسکراہٹ نے انہیں نتائج سے بے پرواہ کر دیا ہے۔ اے قدس! ہم تیری سرحدوں پر جمع ہو رہے ہیں۔ اے قدس! وہ لوگ جنہوں نے تیری توہین کی کبھی بھی امن سے نہ رہیں۔ تیری جانب عظیم سفر کے ذریعے _¿ تمام ادیان نے ہم کو متحد کر دیا، تیرے حسن نے ہمیں آزاد عزم اور ایمان کے ساتھ تیری سرحدوں پر جمع ہونے پر مجبور کر دیا۔ اے سنہری ریت والی سرزمین…. ہم تیری قید اور تکلیفوں کو نہیں بھولے۔ تیری محبت کتنے ہی دلوں میں بستی ہے جو سینکڑوں میل کا سفر کر کے تیری جانب آئے ہیں تاکہ تجھ سے قریب ہو سکیں اور ان کو اِس اَمر کے محال ہونے کی کوئی پروا نہیں۔“

٭٭٭٭٭

About admin

Check Also

یہ دن دورنہیں

امریکہ نے پاکستان کی سرزمین پر پہلاڈرون حملہ ۱۸جون ۲۰۰۴ء کوکیا۔ یہ حملے قصر سفیدکے …

One comment

  1. Mohammad Afzal Ansari

    Subhan Allah yeroshalam ke liye march nihayat kamyaab raha, earth day ke mauqe par zalim o jaabir Israel ki jitni muzammat ki jaye woh kum hai, Aaj israel ke zariye Muslamone ke qiblaye awwal ko shaheed karne ki napaak harkaton aur masoom falistinyon per muzalim ke pahad todne wali harkaton ki wajah se duniya bhar ke musalman sarapa ehtejaj ban gaye hain, magar afsos israel ke Aas paas basne wale Arab hukmarano aur badshahon ke kaano per joon nahi reng rahi hai, woh mujrimana khamoshi ikhtiyar kiye hue hain, dar asl second world war ke dauran ek taraf jahan yehudiyon ne germany ke khilaf sajish ki israel ke qayam ke ewaj america, bartaniya samet ittihadi forces ko madad ki, wahin doosri taraf Arab ke woh qabile jo aaj badshah bane baithe hain in hon ne bhi turki ki azeem saltanate usmaniya ke khilaf sajishe ki aur use khatm karne main america aur bartaniya ki khufya madad ki, isi ke ewej main secnd world war ke baad israel aur saudiya arab samet digar khaliji mumlekaton ka wajood hua, yeh arab ke badshah aur hukmaran isi namak halali ke sabab aaj bhi america aur maghrib ka gulami ka tok apne gale main daale hue hain, yeh falistiniyon ki madad aur amerika nez magrib se apne iqtedaar ki lalach main takkar nahi le sakte, aaj falestinyon per hone wale muzalim aur masjide aqsa ke khilaf hone wali shajishon ke liye yeh arab hukmaran bhi zimmedaar hain, taikhe islam inhe islam ke gaddaron ke naam se yaad rakhe gi.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *