ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کے ویب سائٹ کا افتتاح
ہندستانی زبانوں کا مرکز جواہر لعل نہرو یونیورسٹی نئی دہلی میں آج ورلڈ اردو ایسو سی ایشن کا ویب سائٹ www.worldurduassociation.com کا اجرا کیا گیا ۔اس موقعے پر اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کا قیام دوسال قبل عمل میں آیا تھا۔ عالمی سطح پر اردو احباب کو یکجا کرنے کے لیے کافی دنوں سے ایک ایسے ادارے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی جس کے بینر تلے پوری دنیا کے اردو ادباو دانشور ایک ساتھ جمع ہوسکیں۔ اس خلا کو محسوس کرتے ہوئے پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے ورلڈ اردو ایسوسی ایشن جیسے عالمی فورم کی داغ بیل ڈالی۔ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کا مقصد پوری دنیا میں موجود اردو کے اساتذہ، قلم کاروں، ادیبوں اور طلبہ و طالبات کے درمیان رابطہ اور اشتراک ہے۔ہم سب یہ جانتے ہیں کہ اردو زبان کا دائرہ دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔اردو زبان کی شیرینی اور ہندوستانی تہذیب سے آشنائی کی غرض سے لوگ اردو زبان تیزی سے سیکھ رہے ہیں ۔ اردو دنیا کی طرف سے بار بار تقاضے کے باوجود ‘ورلڈ اردو ایسوسی ایشن’ ویب سائٹ کو لانچ کرنے میں کافی وقت لگا، لیکن امید ہے کہ اس ایسوسی ایشن کے بینر تلے پوری دنیا کے اردو ادبا وشعرا جلد ہی ایک جگہ دکھائی دیں گے۔ اس سلسلے میں ایسوسی ایشن ایک عالمی انسائیکلوپیڈیا بنانے جارہی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم کوشش یہ بھی ہے کہ پچھلے دوسال میں ایسوسی ایشن نے متعدد ممالک کے اردو ادبا و دانشوروں کے ساتھ مل کر ہندوستان اور مصر میں کامیاب ادبی تقریبات کا انعقادکیاہے۔ جنوری 2019میں ایسوسی ایشن ایک عالمی کانفرنس کرنے جارہی ہے جس کی ساری تفصیلات www.worldurduassociation.com پر موجود ہے۔سیمینار میں شرکت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت اس ویب سائٹ پر موجود ہے۔ علاوہ ازیں عنقریب اس ویب سائٹ سے عالمی سیمینار کی تمام تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ اپریل 2019 میں یوروپ میں ایسوسی ایشن جلدہی ایک منفرد ادبی نشست کا اہتمام کرنے جارہی ہے ۔ جس میں یوروپ کے متعدد ممالک میں ایک ساتھ پوری دنیا سے اردو قلم کارموجود ہوں گے۔عالمی سطح پر اردو زبان وادب کی سمت ورفتار اور ادبی معلومات کے لیے ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کے آن لائن پیج پر وزٹ کرتے رہیں۔