سید اقبال حید ر کو’’ مہجری اردو ایوارڈ ‘‘ سے نواز اگیا
فرینکفرٹ ، جرمنی
رپورٹ : محمدرکن الدین
مینجنگ ڈائریکٹر، ورلڈ اردوایسوسی ایشن،نئی دہلی
ورلڈ اردو ایسوسی ایشن ، نئی دہلی کی جانب سے فرینکفرٹ میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں ایسوسی ایشن کے چئیر مین پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے سیداقبال حیدر کی خدمات کے اعتراف میں’’مہجری اردو ایوارڈ‘‘ سے نوازا۔واضح ہوکہ ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ پہلا ایوارڈ تھا۔ ورلڈ اردو ایسو سی ایشن کے قیام کا مقصد دنیا بھر میں ارددو کے ادبا اور شعراکی حوصلہ افزائی اور ان سے علمی و ادبی روابط بحال کرنا ہے۔ تاکہ اردو زبان وادب کے فروغ میں مہجری ادبااور شعرا کی خدمات سے پوری اردو دنیا کو متعارف کرایا جاسکے ۔ساتھ ہی ان سے مل کر اردو ادب و تہذیب کے فروغ ،نئے امکانات ا ور وسائل کی جستجو کی جاسکے۔اس سلسلے میں پروفیسرخواجہ اکرام نے حالیہ یورپ کے دورے میں سید اقبال حیدر کی خدمات کے اعتراف میں’’ مہجری اردو ایوارڈ‘‘کے اعزازسے نوازا۔
سید اقبال حید ر فرینکفرٹ میں مقیم یورپی شہری ہیں ۔ یورپ میں اردو زبان و تہذب کو زندہ رکھنے والوں میں سید اقبال حیدر کا نام سر فہرست ہے ۔وہ چار دہائیوں سے یورپ میں مقیم ہیں ۔اردو سے ان کا پیشہ ورانہ کوئی تعلق نہیں لیکن انھوں نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے یہاںحلقۂ ادب جرمنی اور ہیومن ویلفئیرایسوسی ایشن جیسی ادبی اور سماجی تنظیمیں بنائیں ۔ان تنظیموں کے زیر اہتمام فرینکفرٹ میں سیکڑوں ادبی جلسے ، سیمینار اور مشاعرے کا انعقاد کیا ۔برصغیر کے تقریباً تمام بڑے ادیب و شاعر ان کے پروگراموں میںشرکت کر چکے ہیں ۔ یوم اقبال کے موقعے پر کئی سال سے دریائے نیکر ، ہائیڈل برگ کے کنارے فرشی مشاعرے کا انعقاد بھی کرتے رہے ہیں ۔ یوروپ کی دیگر ادبی وعلمی تنظیموں کے مابین رشتے استوار کرنے میں بھی نمایاں کردار اد اکرتے ہیں۔سید اقبال حیدر کہنہ مشق شاعر و ادیب اور کالم نگار ہیں ۔ انھوں نے ہندستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں یورپ کی نمائندگی بھی کی ہے۔ورلڈ اردوایسوسی ایشن کے تمام عہدداران موصوف کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔