قومی اردو کونسل اور NIELET چنڈی گڑھ کے درمیان معاہدے کی تجدید
کونسل کے اخراجات میں تخفیف ہوئی
وزیر برائے ترقی انسانی وسائل جناب کپل سبل ،قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین اور NIELET کے ڈائرکٹر کے درمیان CABA-MDTP کورسوں سے متعلق ایک اہم میٹنگ جناب کپل سبل صاحب کے چیمبر میں منعقد کی گئی۔ 26 ستمبر 2012 کو قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغ اردو بھون میں ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین اور NIELET کے ڈائرکٹر ڈاکٹر اے کے ڈی دویدی کے ذریعے کمپیوٹر کورس CABA-MDTP سے متعلق ایک اہم معاہدے کی تجدید کی گئی۔قومی اردو کونسل کی کمپیوٹر سے متعلق اسکیموں کی نگرانی NIELET چنڈی گڑھ کے ذریعے کی جاتی ہے، پہلے وہ اس پر 20 فیصد ایڈمینسٹریٹیو چارج لیتے تھے لیکن نئے معاہدے کے تحت اسے 12.5 فیصد کردیا گیا ہے۔قومی اردو کونسل کے بجٹ میں اس معاہدے سے کافی فائدہ ہوگا اور ان پیسوں کو قومی اردو کونسل کے مزید کمپیوٹر سنٹرس اور اردو و عربی خواندگی مراکز کھولنے میں استعمال کیا جا سکے گا۔ اس سے قبل ہارڈویئر اور سافٹ ویئر انسٹالیشن کا کام NIELET چنڈی گڑھ کے ذریعے انجام دیا جاتا تھا لیکن اب کونسل یہ کام خود انجام دے گی۔ اس اقدام سے کمپیوٹر مراکز کو دستیاب سہولتوں کی فراہمی کونسل کی ذاتی نگرانی میں احسن طریقے پر کی جا سکے گی۔CABA-MDTP سنٹرس سے کافی شکایات موصول ہورہی تھیں اور اب قومی اردو کونسل نے ان تمام شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاہدے کی تجدید کی ہے۔ قومی اردو کونسل اپنے اخراجات میں کمی کرنا چاہ رہی تھی اور یہ ایک اہم قدم ہے جس سے مستقبل میں مزید سنٹرس کھولنے میں آسانی ہوگی ۔ ا س معاہدے کی تجدید کے بعد ’O ‘لیول ایکریڈیشن پر بھی مزید توجہ صرف کی جاسکے گی۔ قومی اردو کونسل کا ارادہ اپنے تمام کمپیوٹر مراکز کو ’O ‘ لیول تک پہنچانے کا ہے جس سے وہاں کے فارغین کو زیادہ ملازمتوں کے مواقع مل سکیں۔کونسل کے ذریعے پورے ملک میں دی جارہی کمپیوٹر تعلیم کی سمت میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے اور امید کی جاتی ہے کہ اس سے اردو زبا ن کو مزید فروغ ملے گااور آنے والے دنوں میں ان کمپیوٹر مراکز کو خود کفیل بنانے کی سمت میں اقدامات کیے جائیں گے۔
﴿رابطہ عامہ سیل﴾