قومی اردو کونسل نے اردو زبان و ادب سے جڑی کلاسیکی روایتوں کو مستحکم بنانے اور زندگی کی ضرورتوں سے آرٹ فارمس کو جوڑنے کے لیے خطاطی کو بہت معقول دی ہے۔ ہندوستان کے مختلف شہروں میں کونسل کے تقریباً 35 کیلی گرافی اور گرافک ڈیزائن ڈپلومہ کورس سے متعلق سینٹر اس بات کی علامت ہیں کہ آئندہ مستقبل میں فن خطاطی کو اس کا جائز مقام ضرور ملے گا اور کونسل اپنی اس کوشش میں رواں دواں ہے۔ کیونکہ سال 2013 میں کچھ اور نئے سینٹر بھی کھلنے والے ہیں۔ اس لیے کونسل کی CGDC اسکیم کے موجودہ ضابطوں (Norms) پر نظر ثانی کے لیے ایک کمیٹی کا قیام کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی نے روایتی خطاطوں کو جدید تقاضوں اور نئی تکنیکوں سے روشناس کرانے کے لیے کونسل کو کچھ اہم سفارشات پیش کیں۔ ان کے مطابق کونسل کے دو سالہ کیلی گرافی اور گرافک ڈیزائن ڈپلومہ کا امتحان ہر سال کرایا جائے گا۔ یعنی پہلے کونسل دو سال میں ایک بار ہی امتحان لینا تھا لیکن اب یہ سالانہ امتحان ہوں گے۔
اس میٹنگ میں ایک اہم فیصلے کے تحت یہ طے پایا کہ کونسل کے ذریعے چلائے جارہے خطاطی سینٹروں کے اساتذہ اور روایتی خطاطوں کا ایک 15 روزہ رہائشی تربیتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ہوئی گذشتہ میٹنگ میں کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے کونسل کے ذریعے چلائے جارہے سینٹروں کو جدید تربیت دیے جانے پر زور دیا تھا اور انھوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ بہت جلد کونسل اس منصوبے پر عمل کرے گی۔ یہ ٹریننگ پروگرام جامعہ کے شعبۂ فائن آرٹ کے ڈین پروفیسر ظہور احمد زرگر کی زیر نگرانی جامعہ کیمپس میں ہی ہوگا جبکہ جامعہ یونیورسٹی کے علاوہ، جے جے اسکول آف فائن آرٹ (ممبئی)، پونے، کلکتہ اور دہلی کے خطاط ماہرین کے طور پر شامل ہوں گے۔
ایک دیگر اہم تجویز کے تحت کونسل سے سفارش کی گئی ہے کہ کہ وہ خطاطی ڈپلومہ کے طالب علموں کے لیے contengency fund اور study tour پر خرچ ہونے والی رقم میں اضافہ کرے۔ اس تجویز کو اہم تصور کرتے ہوئے کونسل اس پر غور و خوص کر رہی ہے۔
قومی اوردو کونسل بہت جلد خطاطی سے متعلق کچھ اہم کتابیں تیار کرنے جارہی ہے۔ جس میں ان عنوانات کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔
(1) خطاطی کی تاریخ (2) ہندوستان اور دنیا میں موجود ماہر خطاط کی زندگی کا جائزہ (3) فن خطاطی میں استعمال ہونے والی اشیا اور نئی تراکیب (4) قدرتی طور پر تیار ہونے والی سیاہی وغیرہ
کیلی گرافی اور گرافک ڈیزائن ڈپلومہ سینٹر اسکیم کی متعلقہ ذیلی کمیٹی کی قیادت جناب ڈی کے لوبیال، (جے این یو) نے کی اس میں ڈاکٹر ایس اختر حسین، (جے این یو) ڈاکٹر زاہد رضا (نئی دہلی)، جناب اے خاں، جناب انیس صدیقی، محترمہ قمر ڈاگر نے شرکت کی۔ کونسل کے پرنسپل پبلیکیشن آفیسر جناب نسیم احمد ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر محترمہ شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جناب فیروز عالم، جناب محمد قاسم اور عبدالسلام خان نے بھی شرکت کی۔
(رابطہ عامہ سیل)