نام کتاب : زبان،ادب اور سماج
مرتبین: انور پاشا،ڈاکٹر توحید خان
ناشر: عرشیہ پبلی کیشنز،دہلی۔۹۵
اشاعت ۲۰۱۶, صفحات ۴۱۱, قیمت ۴۰۰
مبصر: رحمت یونس
زیر تبصرہ کتاب کا عنوان ’’زبان،ادب اور سماج‘‘ ہے جس کے مرتبین پروفیسر انور پاشا(چیئرپرسن سینٹر آف انڈین لیگویجز،جے۔این ۔یو)اورڈاکٹر توحید خان( ایسو سی ایٹ پروفیسر،سی۔آئی۔ ایل،جے ۔این یو)ہیں۔اس کتاب کو مشمولات کی نوعیت کے اعتبار سے تین حصوں میں منقسم کیا گیا ہے۔(۱)سماج (۲)زبان (۳)ادب۔کتاب بیسویں صدی کی آٹھویں دہائی میں شائع ہونے والے ایک معروف جریدے ’’پیش رو‘‘کے منتخب مضامین پر مشتمل ہے۔آج سے تقریباً ۳۰/ برس پہلے شائع ہونے والا یہ جریدہ اردو میں شائع ہونے والے دیگر رسائل سے ان معنوں میں مختلف تھا کہ اس کا دائرہ صرف شعر و ادب تک محدود نہیں تھا بلکہ یہ ادبی ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی،ثقافتی،لسانی،تہذیبی اور دیگر شعبہ ہائے علوم کا بھی احاطہ کرتا تھا۔ جے۔این ۔یو کے کچھ ریسرچ اسکالر نے اجتماعی کاوش کے تحت ۱۹۸۶ء میں رسالہ جاری کیا تھا،جس کے ایڈیٹر اور مینیجنگ ایڈیٹر بالترتیب انور پاشا اور توحید خان تھے۔ اہل علم و نظرکی جانب سے اس رسالے کی خوب پذیرائی بھی ہوئی۔جریدہ’’ پیش رو‘‘ میں ہندوستان اور پاکستان کے معروف دانشوروں اور ادیبوں کے مضامین شائع ہوتے تھے۔انہیں مضامین میں سے گہر نایاب چن کر پروفیسر انور باشا اور توحید خان نے اسے کتابی صورت عطاکی ہے۔
سماجی مضامین کے تحت ’’ہندوستان میں مسلم عورتوںکا مسئلہ،مسلم معاشرے اور تحریک آزادیء نسواں ،عورتوں کی آزادی کی تحریک ،آزادی کے بعد مسلم مسائل اور مولانا آزاد ،ہندوستان میں مسلمانوں کی تعلیم کیسی اور کیسے،کلچر اور فرقہ واریت،بابری مسجد:رام جنم بھومی تنازعہ وغیرہ مسائل کو پیش کیا گیا ہے۔
زبان کے حصے میں اردو کی لڑائی جمہورت کی لڑائی،اردو کو مراعات نہیں قانونی حیثیت چاہئے،اردو ہندی اور رسم خط کا مسئلہ،اردو اور ہندی کا مسئلہ،اردو کا مسئلہ اور جمہوری نقطہ نظر،زبان کا مسئلہ اور اردو،اردو رسم خط کا مسئلہ ،اردو کی حمایت میں ہندی ادیب وغیرہ مضامین یکجاکئے گئے ہیں۔
ادب عنوان کے تحت موجودہ ادبی صورت حال:ایک رد عمل،پاکستان کی ادبی صورت حال،جدید ہندی اور اردو شاعری:ایک تقابلی نظر،اردو ناول کے آغاز کا پس منظر،مرزا رسوا کی ناول نگاری وغیرہ مضامین ترتیب دئے گئے ہیں۔
یہ پر مغز مضامین اصغر علی انجینئر،اعجاز عسکری،سلامت اللہ،امتیاز احمد شمس الرحمن فاروقی،گورکھ پانڈے، پروفیسر محمدحسن، پروفیسرانور پاشا،اخترالواسع،وزیر آغا اور محمد شاہد انو ر،ڈاکٹر توحید خان وغیرہ نے قلم بند کئے ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب ایک ایسا عصری دستاویز ہے جس سے قارئین کو ماضی کے سیاسی ،سماجی اور لسانی منظر نامے کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور عصری ادبی ،تہذیبی ،سیاسی اور ثقافتی منظرنامے کے پیش نظر اس کتاب کے مشمولات نہ صرف بامعنی ہیں بلکہ ان خطوط پر غور و فکر کی از حد ضرورت بھی ہے۔