(نام کتاب: سلسبیلِ نور(دوسرا مجموعۂ نعت
شاعروناشر: نازؔ قادری
سابق صدر شعبۂ اردوبی۔آر۔اے۔بہار یونیورسٹی،مظفّرپور۔
صفحات: 264
طباعت:2016
مبصر: رہبر رضا
ریسرچ اسکالر،جواہرلعل نہرو یونیورسٹی،نئی دہلی،67
’’سلسبیلِ نور‘‘ پروفیسر نازؔ قادری کی تخلیق کردہ نعتِ رسول کا دوسرا مجموعہ ہے۔ اس سے پہلے ’’چراغِ حرا‘‘ کے عنوان سے ان کا نعتیہ کلام منظر عام پر آ چکا ہے۔ پروفیسر نازؔ قادری کی عمر کا زیادہ تر حصہّ غزل گوئی میں گزرا، اور دو مجموعے ’’لمحوں کی صدا‘‘ اور ’’صحرا میں ایک بوند‘‘ کے نام سے شائع ہو چکے ہیں۔ ’’سلسبیلِ نور‘‘ کے ابتدائی صفحات پر شاعر نے جو اپنا مختصر خاندانی پس منظر بیان کیا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی پرورش ایک دینی و مذہبی ماحول میں ہوئی تھی۔بچپن سے ہی میلاد خوانی اور مرثیہ خوانی کے مناظر دیکھے تھے۔اس طرح عشقِ رسول اور کردارِ رسول کی شمعوں سے اپنے ذہن و دل کو روشن کیا اور یہی عشق ِرسول کی روشنی ایک عرصے کے بعد نعت کے مصرعوں میں ڈھلنے لگی:
نبیؐ کے عشق نے بدلا ہے اعتبارِ نگاہ
غزل سرا تھا مگر ناز نعت خواں تو نہ تھا
پروفیسر نازؔ قادری کا یہ مجموعہء نعت ۲۶۴؍صفحات پر مشتمل ہے ۔ابتدا میں تین مضامین قلمبند ہیں جو تخلیق کار کی نعتیہ شاعری سے سروکار رکھتے ہیں۔پہلا مضمون پروفیسر طلحہ رضوی برقؔ کاتحریر کردہ ہے۔طلحہ رضوی نے بڑی خوبصورتی سے ناز قادری کی فنی بصیرت اور تخلیقی صلاحیت کے گوشے ابھارے ہیں اور شاعر کے نعتیہ رنگ و ڈھنگ اور اسلوب پر مختصرا ًروشنی ڈالی ہے ۔
دوسرا مضمون ڈاکٹر سید یحيٰ نشیط نے لکھا ہے اس میں انھوں نے فنّ نعت گوئی اور ناز قادری کی نعتوں کا تنقیدی جائزہ پیش کیا ہے۔فنّ نعت گوئی کے حوالے سے وہ تحریر فرماتے ہیں کہ’’نعت گوئی بہ اعتبار مذہب نہایت مشکل فن ہے،اس میں نہ استکثار کی گنجائش نہ استخفاف کا قرینہ۔شرعی گرفت کے مواقع اس میں قدم قدم پر ہوتے ہیں۔اسی لیے عرفیؔ نے اسے ’’رہِ دمِ تیغ‘‘کہا ہے۔یہاں طریق مدحت میں فرزانگی اور دیوانگی کا امتزاج ضروری ہے۔‘‘
آخری مضمون میں ڈاکٹر ظفر کمالی نے ’’سلسبیل نور‘‘ کی روشنی میں نازؔ قادری کے تخلیقی قد کو ناپا ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ کس طرح حضور ؐسے والہانہ عقیدت و محبت ناز قادری کونعت گوئی تک لے گئی۔
اس مجموعے میں ناز قادری نے ۶؍حمدِباریٔ تعالی،۱۰۴؍نعتیہ کلام اور اخیر میں ۲؍سلام کو شامل کیا ہے۔اس میں پہلی حمد مناجاتی انداز میں کہی ہے اور آخری حمد میں اللہ تعالیٰ کے انعام و اکرام کا ذکر کیا ہے۔
مناجاتی انداز: عروس ِفکر کو حسن و جمال دے اللہ
رخِ عمل کو نئے خدّ و خال دے اللہ
قریب رہ کے بہت دور ہو گیا ہوں میں
شبِ فراق کو شمعِ وصال دے اللہ
انعام و اکرام کا ذکر:
دو عالم پر سایہ ہے تیرے کرم کا
کراں تا کراں ہے عنایات تیری
نازؔ قادری نے اپنی نعتوں میں وہ تمام نقوش ابھارے ہیں جو ذات سرکار دو عالم ؐسے نسبت رکھتے ہیں۔ منزل ِخلق ِ عظیم پر فائز شخصیت کا اسوئہ حسنہ،عاداتِ شریفانہ،اپنے تو اپنے دشمنوں کے تئیں بھی اندازِمشفقانہ،وسیلئہ معرفتِ الٰہی کا سرچشمہ اور وحیِ الٰہی کا مظہر ناز قادری کی نعتوں میں پورے آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر نظر آتا ہے۔اس کے علاوہ حضورؐسے متعلق تاریخی معجزات و واقعات نثر کے قالب میں ڈھلے ہوئے ہیں۔ ان کی نعتوں کو پڑھنے کے بعد آنکھوں کو ٹھنڈک پہونچانے والے مناظر شہرِبطحا اور سبز گنبدکا حسین نقشہ سامنے کھنچ جاتا ہے۔ان کی نعتوں میں یہ بات لائق توجہ ہے کہ انھوں نے اپنے تخلص کے معنی کو خوبصورتی سے استعمال کیا ہے جیسے مقطع کا یہ شعر: نشاطِ دید کا چمن کھلا ہے چشمِ نازؔ میں
سکونِ دل کے واسطے وہ اضطراب دے گیا
اخیر میں چند اشعار ملاحظہ فرمائیں:
رسولِ پاکؐ سا حق آشنا نہیں کوئی
جہاں میں اتنا قریبِ خدا نہیں کوئی
بارگاہِ اقدس میں نعتِ پاک کا تحفہ
عقل کا تقاضہ ہے عشق کا قرینہ ہے
مدینے کی گلی تصویرِ فردوسِ تمنّا ہے
بہ چشمِ دل بہارِ باغِ طیبہ دیکھتا ہوں میں
فروغِ حسن طلب کا ہے آئنہ بردار
وفورِ جذبہء بے اختیار کا موسم
مجموعی طور پر یہ مجموعہء نعت اردو ادب کی نعتیہ تاریخ میں ایک اہم اضافے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لحاظ سے پروفیسر نازؔ قادری کی یہ کوشش لائقِ صد تحسین ہے۔