قومی اردو کونسل کے صدر دفتر، فروغ اردو بھون میں ، پروفیسر گوپی چند نارنگ (چیر مین پینل ) کی صدارت میں ، اردوادب پینل کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ پینل میں موجود اہم علمی و ادبی شخصیات کی موجودگی میں کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے یہ اعلان کیا کہ بہت جلد کونسل ایک ایسا اردو کی پیڈ(Key Pad)تیار کر رہی ہے جو جلد ہی تمام اینرائڈ فون(Enroid Phone)میں موجود ہوگا۔ ابNOKIAکے صارفین اردو زبان میں اپنے موبائل فون کے ذریعے ’’اردو میںMessage‘ بھیج سکتے ہیں۔ یہ تکنیکی انقلاب سے کم اہم نہیں ہے۔اب اردو ہر ایک موبائل میں موجود ہوگی اور بات چیت کا ذریعہ بھی اردو ہی ہوگی جبکہ پہلے، ہم صرف انگریزی یا دوسری زبانوں تک ہی محدود تھے ۔اس کوشش میں وزیر برائے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی جناب کپل سبل صاحب کی خصوصی دلچسپی اور کوشش شامل ہے۔ اردو زبان تکنیکی ترقی میں حصہ دار ہے، اس خوش خبری کے ساتھ میٹنگ کی ابتدا ہوئی۔کونسل کے اس انقلابی قدم کا اراکین محفل نے خیر مقدم کیا۔ پینل کے چیر مین پروفیسر گوپی چند نارنگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرنے کو تو قبول عام فیصلے کرنا بہت آسان ہے لیکن ان کی جواب دہی بہت مشکل ہے۔ کونسل ایک ’ اسٹیچوری باڈی ہے‘ اور اس کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پہنچتی ہے اس لیے شفافیت موجود ہے۔
میٹنگ میںپینل کے تحت چل رہے تقریباً 80پروجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اور ساتھ کچھ نئے اور اہم پروجیکٹس کو بھی منظوری دی گئی۔ اراکین کی ایک اہم تجویز کو منظوری دیتے ہوئے کونسل نے یہ فیصلہ کیا کہ صرف معروف شخصیات جو باحیات نہیں ہیں ان کا کلیات شائع کرے گی۔پینل نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ سال2012-13کے دوران تقریباً28 پروجیکٹس مکمل ہوئے اور اردو ادب پینل کے تحت 18کتابیں شائع کی گئیں۔
اس میٹنگ میں پروفیسر ابواکلام قاسمی،قاضی عبید الرحمن ہاشمی،جناب مسعود سراج، ڈاکٹر مشتاق احمد، پروفیسر ابن کنول،پروفیسر خالد محمود،ڈاکٹر محبوب اقبال، پروفیسر قدوس جاوید، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر بیگ احساس،پروفیسر اعجاز علی ارشدنے شرکت کی ۔ان کے علاوہ قومی اردو کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر محترمہ شمع کوثر یزدانی ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جناب اجمل سعید ، محترمہ شہناز اختر،جناب محمد انصر اور محترمہ آبگینہ عارف نے بھی شرکت کی۔