اردو زبان و ادب کے نادر و نایاب آڈیو ویڈیو کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت : ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین
نئی دہلی،26فروری۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ایگزکیوٹیو بورڈ نے حال ہی میں یہ فیصلہ لیا ہے کہ اردو زبان و ادب کے نایاب آڈیو ویڈیو ریکارڈ کے تحفظ کے سمت میں قومی اردو کونسل مثبت قدم اٹھائے ، کیوں کہ ایسی چیزیں نئی نسل کے لیے نعمت غیر مترقبہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی کی پہلی میٹنگ فروغ اردو بھون میں کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ماہرین کو مدعو کیا گیا تھا۔ میٹنگ میں شریک دوردرشن کے سابق ڈائرکٹر بشارت احمد، روز نامہ انقلاب کے مدیر شکیل حسن شمسی، جامعہ ریڈیو ایف ایم کے سر براہ شکیل اختر نے بورڈ کے اس فیصلے کی نہ صرف ستائش کی بلکہ اس بات پر زور دیا کہ کونسل اس فیصلے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنا ئے کیوں کہ یہ اردو زبان کے فروغ کے سمت میں اہم قدم ہوگا۔
کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے ماہرین کو یقین دلایا کہ کونسل بورڈ کے فیصلہ اور ماہرین کی آرا کی روشنی میں جلد ہی ایک ڈیجیٹل لائبریری کا قیام عمل میں لائے گی جس میں نایاب آڈیو اور ویڈیو کو جدیدطریقے سے محفوظ رکھا جائے گا تاکہ نئی نسل اپنے پسندیدہ قدیم و جدید شعرا، ادبا کے خطابات و دیگر موضوعات کے کلاسیکی سرمائے سے استفادہ کر سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی ایک اشتہار دیا جائے گا، جس میں ملک کے دور دراز علاقوں میں اردو ماہرین کے پاس پائی جانے والی نایاب ریکارڈنگس کو طلب کیا جائے گا اور پھر ان ریکارڈنگس کے لیے باقاعدہ ایک لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے گاساتھ ہی حکومتی اداروں سے بھی رابطہ قائم کیا جائے گا۔
میٹنگ میں کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ، ریسرچ اسسٹنٹ ڈاکٹر قاسم انصاری و ٹی اے جاوید اقبال نے بھی شرکت کی۔
(رابطہ عامہ سیل)