قومی اردو کونسل اسلامک اسٹڈیز کی اردو انسائیکلوپیڈیا اور نصاب پر جلد ہی سہ روزہ ورکشاپ منعقد کرنے جارہی ہے۔ ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین
اسلامک اسٹڈیز کی عربی، فارسی اور انگریزی میں دستیاب کتابوں کا اردو ترجمہ کیا جائے گا تاکہ اردو قارئین کو اسلامک اسڈیز کے سیاسی، سماجی، ثقافتی، علمی اور ادبی ورثے سے متعارف کرایا جا سکے۔ امام غزالی، ابن سینا، ایڈورڈ سعید، بہت سی اہم تحریریں ہیںجن کا ترجمہ ہونا ضروری ہے اور قومی اردو کونسل جلد ہی ان اہم کتابوں کے ترجمہ کرے گی۔ کونسل کے ڈائرکٹر خواجہ اکرام الدین نے یہ اعلان بھی کیا کہ جلد ہی قومی اردو کونسل اسلامک اسٹڈیز کے موجودہ نصاب کا احاطہ کرنے کے لیے ذاکر حسین اسٹڈیز کے اشتراک سے سہ روزہ ورکشاپ کا بھی اہتمام کرے گی۔
اس میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ غیر مسلموں کے علوم اسلامی کی اشاعت میں خدمات بالخصوص مہاتما گاندھی ، جواہر لال نہرو، بھگوان داس، سندر لال، مالک، ایم این رائے ، نول کشور اور غیر اسلامی ہندی نعت گو شعرا کے حوالے سے بھی کام کیا جائے۔ اس کے علاوہ Oxford Centre of Islamic Studiesجیسے اداروں کے ساتھ معاہدہ کر کے ان کے پاس موجود ادب سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ ایک اہم تجویز کے تحت پٹیالہ یونیورسٹی کے گروگوند سنگھ شعبہ کے معروضی مطالعے کی سیریز آن انڈین ریلجن Series on Indian religion کو قومی اردو کونسل ترجمہ کروا سکتی ہے۔ India’s Contribution to Islamic Science کے زیر عنوان تفسیر ،حدیث، فقہ، تصوف اور کلام کی روشنی میں نظری اور عملی سوچ کو پیش کیا جا سکتا ہے۔
آج کی اس میٹنگ میں مولانا خوشتر نورانی، مولانا یسٰین اختر مصباحی، پروفیسراشتیاق دانش، کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر (اکیڈمک ) محترمہ شمع کوثر یزدانی نے بھی شرکت کی۔