Home / Articles / ایٹم بم اورغوری میزائل رکھنے والے غلام …..!

ایٹم بم اورغوری میزائل رکھنے والے غلام …..!

           میری آواز

           ٹک ٹک دیدم دم نہ کشیدم …… !

وزیر اعظم کا خطاب اِک سعیٴ لاحاصل

ایٹم بم اورغوری میزائل رکھنے والے غلام …..!

تحریر :۔محمد احمد ترازی

mahmedtarazi@gmail.com

          پوری قوم انگاروں پر لوٹ رہی ہے،ملک پر ایک قیامت گزرچکی ہے، لیکن بیانات اور تاویلات کی حاشیہ آرائیوں کے ساتھ اداروں اور افراد کے درمیان الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے ،کوتاہی کس کی ہے اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کس نے کیا، کوئی اپنی غلطی تسلیم کرنے اور سچ بتانے کو تیار نہیں،آخر کسی کو تو یہ ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ،سچ بول کر قوم کو اصل حقائق سے آگا کرنا چاہئے،یقین جانیئے اگریہ واقعہ کسی اور ملک میں پیش آتا تو حکومتیں مستعفی ہو جاتی ہیں، بڑے بڑے سول عہدیداروں کو انکوائری کمیشن کے سامنے پیش ہونا پڑجاتا، فوجی عہدیداروں کا کورٹ مارشل ہوجاتا،اُن سے بازپرُس کی جاتی ہے، لیکن ہمارے یہاں ایسا کچھ بھی نہیں ہو ا،وطن عزیز کے محب وطن شہری چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں 1971ء جیسے شرمناک واقعے سے ایک مرتبہ پھر دوچار ہونا پڑا ہے،لیکن حکمران اور متعلقہ ادارے صمم بکمم کی تصویر بنے بیٹھے ہیں اور متضاد بیانات جاری کررہے ہیں،کوئی کھل کر سامنے آنے کو تیار نہیں، حال یہ ہے کہ صدر مملکت جو اپنے حکومتی اتحاد میں پڑنے والی چھوٹی سے چھوٹی دراڑکو بھی دور کرنے کیلئے ملک کے کونے کونے میں پہنچ کر اجلاس طلب کرنے میں تاخیر نہیں کرتے، مگرصد افسوس کہ انہوں نے قومی سلامتی اور ملکی آزادی و خود مختاری کو پہنچنے والے اِس دھچکے پر ایک لفظ تک زبان پر لانا مناسب نہ سمجھا بلکہ پاکستان کی حاکمیت اعلیٰ کی سرعام بربادی پر غیر ملکی فوجی یلغارکے فوراً بعد واشنگٹن پوسٹ میں مضمون لکھ کر امریکہ بہادر کو مبارک باددی ، جبکہ وزیراعظم صاحب اپنے لاوٴ لشکر کے ساتھ فرانس کے دورے پر روانہ ہوجاتے ہیں اور وہاں فرماتے ہیں اگر ہماری انٹیلی جنس ناکام ہوئی تو پوری دنیا کو بھی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے، اِس واقعہ کی جملہ سنگین تفصیلات سامنے آنے کے بعد بھی انہوں نے اپنے دورے کو مختصر کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ وطن واپس آتے ہی سیاہ امریکی کارنامے کو ”فتح عظیم“ قرار دے ڈالا،فوج کے سربراہ کور کمانڈرز کے اجلاس میں ارشاد فرماتے ہیں کہ آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہئے،لیکن اس سوال کا کوئی جواب نہیں د یتاکہ 2مئی کو امریکی اسپیشل فورسز نے تمام بین الاقوامی سفارتی آداب کی دھجیاں اڑا کر اپنے ہی ایک کلیدی اتحادی کی آزادی و خودمختاری کو کیوں روند ڈالا ،کیوں دنیا کی نظروں میں پاکستان کی بے توقیری کی اورکیوں ذلت و رسوائی کے ساتھ بے غیرتی اور بے حمیتی ہمارا مقدر بنادی گئی، کہاں گیا وہ ہمارا ناقابل تسخیر دفاع ، کہاں گئی وہ ہماری آزادی و خودمختاری کے دعوئے اور کہاں گئے وہ ہمارے داخلی اور خارجی سلامتی کے بلندوبانگ بیانات، عجیب معمہ ہے کہ گھتیاں سلجائے نہیں سلجھ رہی ہیں۔

          حیرت ہوتی ہے کہ ہمارے اتحادی ہونے کے دعویدار نے ہم پر حملہ کیا،شب خون مارا اور صرف 40منٹوں کی کاروائی کے بعد اپنے ہدف کو نشانہ بناکر با حفاظت واپس بھی چلا گیا اور ہمارا پورے کا پورا دفاعی نظام ٹک ٹک دیدم دم نہ کشیدم کی تصویر بنا رہا،شاید برطانوی اخبار”گارجین “ درست لکھتاہے کہ یہ آپریشن دس سال پہلے اُس معاہدے میں دی گئی اجازت کے تحت کیا گیا جو سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف اور سابق امریکی صدر بش نے 2001ء میں کیا تھا،جس کی توثیق 2008ء میں بھی کی گئی ، اِس معاہدے کی روْ سے امریکی فوج کو پاکستان میں آنے، آپریشن کرنے اور اسامہ بن لادن کی موت کیلئے ہر قسم کی کارروائی کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور طے ہوا تھا کہ پاکستان امریکی کارروائی پرکسی قسم کی مزاحمت نہیں کرے گا،بلکہ اسامہ بن لادن کی موت پر صرف شدید احتجاج کرے گا،کیا آج ہماری جانب سے صرف تنبہہ اور آئندہ باز رہنے کے بیانات گارجین کی رپورٹ کو سچ ثابت کرنے کیلئے کافی نہیں، اصل بنیادی اور انتہائی تلخ حقیقت یہی ہے کہ سچ چھپایا جارہا ہے اور جھوٹ بولا جارہا ہے، جھوٹ فریب اور مکرودجل کا یہ سلسلہ دس برسوں سے جاری ہے،نہ سول حکومت کچھ بتارہی ہے نہ فوج اِس راز سے پردہ اٹھارہی ہے کہ ہماری سلامتی کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والی نام نہاد دہشت گردی کی بے ننگ و نام جنگ آخر کب تک ہمیں دشت بے اماں کی نذر کرتی رہے گی،کب تک ہماری تباہی وبربادی کا نوحہ صفحہ ٴوقت پر لکھا جاتارہے گا اور کب تک ذلت و رسوائی ہمارا مقدر بنی رہے گی۔

          آج ایک ہفتے سے زائد ہوچلا ہے ، لیکن ابھی تک پاکستانی قوم سمیت ساری دنیا کے سامنے تصویر کاوہی رخ ہے جسے امریکہ بہادر نے دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، اِس کہانی کو جھٹلانے والا کوئی نہیں، ہمارے سیاسی ذمہ داران جوازو تاویلات اور بہانے تلاش کررہے ہیں اور عسکری قیادت مہر بہ لب ہے،دل اِس بات کو ماننے کیلئے تیار نہیں کہ انہیں اندازہ نہیں کہ پاکستان اپنی سلامتی کے حوالے سے کس قدر سنگین خطرات میں گھر چکاہے،قوم سخت دل گرفتہ اور مایوسی کی شکار ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان ذمہ داران حکومت سے دوٹوک الفاظ میں مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ قوم کو سچ بتائیں یا استعفیٰ دیں،سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی وزیر اعظم سے واشگاف انداز میں مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ حکومت کے اتحادی صوبہ خیبر پختونخواکے وزیر اعلیٰ نے بھی کہاکہ امریکہ نے یہ قدم اٹھاکر ہماری قربانیوں کی توہین کی ہے،لیکن اِس تمام گھمبیر صورتحال کے باوجود گزشتہ روزوزیر اعظم قومی اسمبلی میں ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے کوئی خاطر خواہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکے،پارلیمنٹ سے خطاب میں انہوں نے فوج سے بریفینگ کیلئے 13 مئی کو پارلیمنٹ کو مشترکہ اِن کیمرااجلاس طلب کرنے اور ایبٹ آباد آپریشن کی تحقیقات کیلئے لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا اعلان تو کیا،لیکن عوام جن سوالات کے جوابات کے منتظر تھے اُن کا کوئی ذکرنہیں کیا،انہوں نے یہ بتانے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی کہ غلطی کہاں ہوئی ہے اور کوتاہی کا ذمہ دار کون ہے۔

          اب 13مئی کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوگا،مگروہ بھی بند کمرے میں، اِس میں فوجی حکام بریفینگ دیں گے،جس کا صاف مطلب ہے کہ اصل بات عوام تک نہیں پہنچنے دی جائے گی،جبکہ بظاہر قومی اسمبلی سے وزیراعظم کے اِس خطاب کا بنیادی مقصد ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی موجودگی، حکومت پاکستان اور اُس کی خفیہ ایجنسیوں کی اِس بارے میں بے خبری، پاکستان کی فضائی و زمینی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امریکی اسپیشل فورسز کے یکطرفہ آپریشن ،اُس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اٹھنے والے سوالات پر قوم کواعتماد میں لیناتھا ،لیکن انہوں نے اِن بنیادی سوالات کا اپنی تقریر میں سرے سے ذکر ہی نہیں ،حیرت کی بات ہے کہ پورے آٹھ روز بعد قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے جو تقریر کی گئی وہ بھی انگریزی میں تھی، جس سے ایسا لگتا تھا کہ انہوں نے عوام سے زیادہ امریکہ کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی،لہٰذا قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان کی اِس بات میں وزن معلوم ہوتاہے کہ وزیراعظم کی تقریر غیرملکی آقاوٴں کیلئے تھی، عوام کیلئے نہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی گلیوں، محلوں میں جو باتیں ہو رہی ہیں اُن کا جواب وزیراعظم نے اپنی تقریر میں نہیں دیا،چودھری نثار علی خان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اعلان کریں کہ امریکی حملہ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے،اب اگر کوئی ڈرون جہاز، ہیلی کاپٹر آیا تو ہم اسے مارگرائیں گے، اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو یہ قومی مجرم ہوں گے ،ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے خطاب پر اپنی تقریر میں بہت سے اہم سوالات اٹھائے ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

          حقیقت یہ ہے کہ وزیراعظم کا قومی اسمبلی سے خطاب اِک سعی ٴ لاحاصل کے سوا اور کچھ نہ تھا،اپنی اس تقریر میں انہوں نے امریکہ کو صاف لفظوں میں کوئی پیغام دینے کے بجائے صرف اتنا کہا کہ ہم شدید تحفظات رکھتے ہیں،اِن تحفظات سے امریکہ پر پہلے کوئی اثر پڑا ہے نہ اب پڑے گا، اُس نے تو کسی تکلف کے بغیر صاف صاف کہہ دیا ہے کہ اسامہ کو مارنے کیلئے پاکستان کے اندر آپریشن ہمارا حق تھا، اِس پر ہم کسی سے معافی نہیں مانگیں گے اور آئندہ بھی کسی ہائی ویلیو ٹارگٹ کو پوچھے بغیر پاکستان میں نشانہ بناتے رہیں گے،پاکستان میں متعین امریکی سفیر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں ملا عمر اور ایمن الظواہری کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان نے کرنا ہے کہ انہیں ہم تنہا ماریں یا پاکستان بھی ہمارے ساتھ شریک ہوگا،اِس امریکی رعونت آمیز طرز عمل سے اِس بات میں کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہتا کہ امریکہ کا ہمارے ساتھ طرز عمل آقا اور غلام والا ہے،جو غیرت مند پاکستانی قوم کو کسی طور بھی قابل قبول نہیں،لہٰذا ہمارے ارباب اقتدار کو چاہیے کہ وہ مزید کسی دباوٴ میں آنے اورکسی بھی امریکی تقاضے پر معذرت خواہانہ رویہٴ اختیار کرنے کے بجائے اُسے دوٹوک الفاظ میں یہ باور کرادیں کہ آئندہ ایبٹ آباد آپریشن جیسا کوئی واقعہ برداشت نہیں کیا جائیگا اگر ایسا ہوا تو ہماری جانب سے اُسے ویسا ہی جواب ملے گا،بے شک وہ ہماری امداد بند کردے یا اپنے صدر اور وزیر خارجہ کا دورہ ٴ منسوخ کردے،مگر ہم امریکہ کے ساتھ غلامانہ تعلقات برقرار رکھنے کی خاطر اپنے ملک وقوم کی سلامتی اور قومی مفادات کو داوٴ پرنہیں لگاسکتے،یاد رکھیئے آزادی اور خودمختاری سے بڑی کوئی دولت نہیں ،یہ وہ احساس تفاخر ہے جو کیوبا ،وینزویلا اور ایران جیسے ملکوں کو دنیا میں سر اٹھاکرجینے کا حوصلہ عطا کرتا ہے،مگرجو قوم اپنی آزادی اور خودمختاری کو غیرملکی امداد اور بھیک کے چند ٹکروں عیوض گروی رکھ دیتی ہے وہ عملاً غلام ہوجاتی ہے،پھر چاہے اُس کے پاس ایٹم بم ہوں یا غوری میزائل ، کچھ کام نہیں آتا ،کیونکہ غلاموں کا کام صرف اپنے آقا کے حکم کی پیروی کرنا ہوتا ہے۔

#####

About admin

Check Also

جشن آزادی

    Share on: WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *