Home / NCPUL / تاریخ ادب اردو کے سلسلے میں قومی اردو کونسل ایک لمبے عرصے سے کام کررہی ہے: شمس الرحمن فاروقی

تاریخ ادب اردو کے سلسلے میں قومی اردو کونسل ایک لمبے عرصے سے کام کررہی ہے: شمس الرحمن فاروقی

تاریخ ادب اردو کے سلسلے میں قومی اردو کونسل ایک لمبے عرصے سے کام کررہی ہے: شمس الرحمن فاروقی
جلد ہی قومی اردو کونسل کی اردو انسائیکلوپیڈیا کوویکی پیڈیا پر دستیاب کرایا جائے گا: خواجہ اکرام الدین
قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں تاریخ ادب اردو اور انسائیکلوپیڈیا پینل کی اہم میٹنگ کا انعقاد
قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغ اردو بھون میں تاریخ ادب اردو اور انسائیکلوپیڈیا پینل کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ پروفیسر     شمس الرحمن فاروقی کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ کا مقصد تاریخ ادب اردو پینل کے تحت منظورشدہ تجاویز اور پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ اس خاص موقع پر کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹرخواجہ اکرام الدین نے یہ اعلان کیا کہ جدید تقاضوں کے پیش نظر، قومی اردو کونسل کی مطبوعہ اردو انسائیکلوپیڈیا ویکی پیڈیا پر اپلوڈ کرائی جارہی ہے اور جلد ہی یہ ساری دنیا کے سامنے ہوگی۔ اس کام سے نہ صرف اردو داں طبقہ بلکہ جو اردو سے نابلد ہیں ان کے لیے بھی ترسیل کے اس آساں طریقے سے اردو الفاظ کے ذخیرے تک رسائی حاصل ہوسکے گی۔ساتھ ہی اردو انسائیکلوپیڈیا کی ازسرِ نو تیاری کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
میٹنگ میں موجود اراکین کی رضامندی سے یہ طے پایا کہ موجودہ نصابی ضرورتوں کے تحت اردو زبان و ادب کی اہم شخصیات پر مونوگراف منظرعام پر آنے چاہئیں۔ اس سلسلے میں ایک خاکہ بھی تیار کیا گیا ۔
پروفیسر شمس الرحمن فاروقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ادب اردو کے سلسلے میں کونسل ایک لمبے عرصے سے کام کررہی ہے۔ تاریخ ادب اردو کو زمانہ حال تک لایا جانا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی کئی جلدیں شائع ہوچکی ہیں اور سات، آٹھ، نو پر کام چل رہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ وہ بھی اس سال شائع ہوجائیں گی۔ انھوں نے مزید کہاکہ کسی بھی پروجیکٹ کی مدت تین سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور ہر چھ مہینے میں پروجیکٹ کی  ششماہی  Progress Report کونسل میں جمع کروانی ہوگی۔ مستقل دو رپورٹ نہیں ملنے کی صورت میں اس پروجیکٹ کو مسترد کردیا جائے گا۔ سبھی پروجیکٹ میں معاون نہیں دیے جائیں گے۔ آج کی میٹنگ میں علاقائی ادب کی تاریخ و تدوین کو بھی منظوری دی گئی۔
میٹنگ میں ایک اہم فیصلے کے تحت اقبال اکیڈمی لاہور کی تصانیف کو کونسل کے ذریعے شائع کرنے کو بھی منظوری دی گئی۔  اقبال اکیڈمی لاہور سے اس سلسلے میں اجازت اور منظوری پہلے ہی مل چکی ہے۔
آج کی اس میٹنگ میں پروفیسر عبدالحق، پروفیسر سید سجاد حسین، پروفیسر محمد زاہد، پروفیسر احمد سجاد، پروفیسر عتیق اللہ، پروفیسر ارتضیٰ کریم، پروفیسر صاحب علی اور قومی اردو کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر (اکیڈمک) محترمہ شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جناب اجمل سعید، جناب معید رشیدی اور محترمہ آبگینہ عارف نے بھی شرکت کی۔
(رابطہ عامہ سیل)

About admin

Check Also

فاروق شیخ کا انتقال اردو تہذیب وادب کے لیے ایک بڑا خسارہ: ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین

فاروق شیخ کا انتقال اردو تہذیب وادب کے لیے ایک بڑا خسارہ: ڈاکٹر خواجہ محمد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *